میرپورخاص: گھر سے 18 سالہ لڑکی کی لاش برآمد، 2 بھائیوں سمیت 6 افراد زیر حراست

میرپورخاص (نمائندہ خصوصی) میرپورخاص کے علاقے کریم ٹاؤن میں ایک گھر سے 18 سالہ لڑکی کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے پوسٹ مارٹم میں مزاحمت کرنے پر لڑکی کے دو بھائیوں اور چار ماموؤں سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق اہلِ محلہ کی اطلاع پر رات گئے پولیس نے گھر پر کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کی لاش اپنی تحویل میں لے لی۔ ورثاء نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کیا اور پولیس کارروائی میں مزاحمت کی، جس پر پولیس نے مداخلت اور مزاحمت کرنے والے دو بھائیوں اور چار ماموؤں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے اپنی نگرانی میں لاش کا پوسٹ مارٹم کروا دیا ہے۔ ابتدائی معائنے میں لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ایس ایس پی میرپورخاص کی نگرانی میں چار رکنی تحقیقاتی ٹیم نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔