اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال میں پارٹی کارکن مختار یونس کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ان کے کارکن مختار یونس جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ میرپور نکیال میں ان کا کارکن جاں بحق ہوگیا، مگر متعلقہ حکام کہاں ہیں اور الیکشن کمیشن کیا کر رہا ہے؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دو روز قبل بھی مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار عمیر نعیم کی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر کھلے عام فائرنگ کرنے کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی۔ اگر متعلقہ حکام اس واقعے کا بروقت نوٹس لے لیتے تو آج ایک انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مختار یونس حلقے میں پارٹی کے امیدوار جاوید اقبال بڈھانوی کے ساتھ مل کر بھرپور انتخابی مہم چلا رہے تھے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپنی ممکنہ شکست سے بوکھلا کر پاکستان پیپلز پارٹی کے مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

