میر رضا علی کیس: اسمارٹ واچ ان لاک، تحقیقات میں اہم پیش رفت

کراچی(خبر ایجنسیاں) گلستانِ جوہر سے نوجوان میر رضا علی کی لاش ملنے کے کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکام نے اسمارٹ واچ ان لاک کرکے اس سے اہم معلومات حاصل کرلی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ نے میر رضا علی کی اسمارٹ واچ کامیابی سے ان لاک کرلی، جس کے بعد کراچی پولیس کو اس سے اہم ڈیٹا حاصل ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والے ڈیٹا میں مالی لین دین کا ریکارڈ اور دیگر اہم معلومات شامل ہیں، جو تفتیش میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے میر رضا علی کا موبائل فون اور اسمارٹ واچ تحویل میں لی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا تھا کہ موبائل فون اور واچ سے ڈیٹا حذف کیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ڈیوائسز کیس میں انتہائی اہم شواہد تصور کی جا رہی تھیں، اسی لیے انہیں تکنیکی تجزیے کے لیے سی ٹی ڈی کے خصوصی مرکز بھیجا گیا تھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق تاحال تکنیکی ٹیم میر رضا علی کے موبائل فون کا سیکیورٹی کوڈ توڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، تاہم اسمارٹ واچ سے حاصل ہونے والی معلومات کیس کی گتھیاں سلجھانے اور تحقیقات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔