میڈرڈ (غیر ملکی میڈیا)اسپین کے جنوبی علاقے اندلس کے جنگلات میں تیزی سے پھیلنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقائی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اندلس کی تاریخ کی مہلک ترین جنگلاتی آگ قرار دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب ملک شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے۔
رپورٹس کے مطابق آگ جمعرات کی سہ پہر صوبہ المیریا کی بلدیہ لاس گیلارڈوس میں این-340 شاہراہ کے قریب بھڑکی اور تیز ہواؤں کے باعث قریبی بلدیہ بیڈار تک پھیل گئی۔
مقامی حکام کے مطابق متعدد افراد کی لاشیں ان گاڑیوں سے ملی ہیں جن کے ذریعے وہ محفوظ مقام کی جانب نقل مکانی کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کا عمل بدستور جاری ہے۔
آگ پر قابو پانے کیلئے300 سے زائد ہنگامی اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جن میں اسپین کی ملٹری ایمرجنسی یونٹ (UME) کے 150 ماہر اہلکار بھی شامل ہیں۔ شدید دھوئیں کے باعث علاقے کی دو اہم شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ امکان ہے گرے ہوئے بجلی کے تاروں سے خشک جھاڑیوں میں آگ بھڑکی ہو۔

