نئی دہلی: کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے دوران شبانہ اعظمی کی طبیعت خراب

نئی دہلی ( انڈین ایکسپریس، ہندوستان ٹائمز)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے نئی دہلی میں ہونے والے احتجاج کے دوران اپنی طبیعت خراب ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ آنسو گیس کے باعث انہیں دمے کا دورہ پڑا تھا۔

کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کی ویڈیو وائرل ہونے کے چند گھنٹوں بعد ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے شبانہ اعظمی نے بتایا کہ وہ دمے کی مریض ہیں اور احتجاج کے دوران آنسو گیس کے اثرات سے انہیں دمے کا شدید دورہ پڑا، تاہم انہیلر استعمال کرنے کے بعد ان کی طبیعت سنبھل گئی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں احترام کے ساتھ قریبی عمارت میں منتقل کیا گیا، جہاں طبیعت بہتر ہونے کے بعد وہ دوبارہ احتجاج میں شریک طلبہ کے پاس واپس آئیں اور ان سے ملاقات کی۔شبانہ اعظمی کا کہنا تھا، ’’میں ان طلبہ سے ملی جن پر لاٹھی چارج کیا گیا تھا۔ ان کا جذبہ قابلِ ستائش ہے، میں انہیں سلام پیش کرتی ہوں۔‘‘

کاکروچ جنتا پارٹی اور سونم وانگ چک کی حمایت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کی اور نہ ہی آئندہ ایسا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کے بقول، کسی سیاسی جماعت سے وابستگی انسان کی آزادیِ رائے کو محدود کر دیتی ہے کیونکہ پھر جماعت کا مؤقف ہی اس کا اپنا مؤقف بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جنتر منتر پر ان طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنچی تھیں، جو 20 روز سے زائد عرصے سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور جن کی صحت مسلسل بگڑ رہی ہے۔شبانہ اعظمی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور حکومت کو چاہیے کہ طلبہ کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنے۔

رپورٹس کے مطابق شبانہ اعظمی کے علاوہ اداکار رتیش دیش مکھ، پریتی زنٹا، پرکاش راج، سونو سود اور دیگر بالی ووڈ شخصیات نے بھی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) اور احتجاج کرنے والے طلبہ سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔