ناٹنگھم ( بین الاقوامی میڈیا)ناٹنگھم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 160 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میچ کے آخری روز انگلینڈ نے 103 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم نیوزی لینڈ کے بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
تجربہ کار بلے باز جو روٹ 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ جیمی اسمتھ 60 رنز کے ساتھ انگلینڈ کے نمایاں بیٹر رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے زیک فولکس نے 3، جبکہ نیتھن اسمتھ اور مچل سینٹنر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں دوسری اننگز میں سنچری اسکور کرنے اور مجموعی طور پر 5 کیچز لینے والے ڈیرل مچل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس میچ کے ساتھ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام بھی کر دیا۔

