نیو یارک:یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے دیرینہ دوست تھیا بوئسن سے شادی کر لی

نیو یارک (پیپل میگزین، سی این این، ایشیا ون) دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے اپنی دیرینہ دوست، جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی کنٹینٹ کری ایٹر اور گیمنگ اسٹریمر تھیا بوئسن سے شادی کر لی۔ یہ خبر مسٹر بیسٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر شیئر کرنے کے بعد سامنے آئی۔

مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، “مجھے مسز بیسٹ مل گئی، اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔” تصاویر میں نوبیاہتا جوڑا خوشگوار اور رومانوی انداز میں نظر آیا، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب برطانوی ورجن آئی لینڈز میں رچرڈ برینسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد ہوئی، جہاں تقریباً 70 قریبی عزیز و اقارب اور دوستوں نے شرکت کی۔ تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہیں۔

28 سالہ مسٹر بیسٹ اور 26 سالہ تھیا بوئسن کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقا میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ دونوں نے دسمبر 2024 میں منگنی کی تھی، جس کا اعلان بعد میں سوشل میڈیا پر کیا گیا۔

تھیا بوئسن جنوبی افریقا کی معروف کنٹینٹ کری ایٹر، مصنفہ اور گیمنگ اسٹریمر ہیں۔ انہوں نے اسٹیلن بوش یونیورسٹی سے قانون میں بیچلرز اور نفسیات میں آنرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے ہیومن کاگنیٹو نیورو سائیکالوجی میں ماسٹرز مکمل کیا۔ وہ 2016 سے ٹوئچ اور یوٹیوب پر اسٹریمنگ کر رہی ہیں اور اسٹریٹجی گیمز کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتی ہیں۔