وفاقی حکومت کا خیبرپختونخوا میں فوج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج صوبائی انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سرکاری تنصیبات کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی تعیناتی 11 اکتوبر 2026ء کو نافذ کی گئی ایمرجنسی کی مدت تک برقرار رہے گی۔ گورنر خیبرپختونخوا، جنرل ہیڈکوارٹرز سے مشاورت کے بعد تعینات کیے جانے والے فوجی اہلکاروں کی تعداد کا تعین کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فوجی دستوں کی تعداد ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ مل کر طے کی جائیگی۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق نوٹیفکیشن آئندہ گزٹ آف پاکستان کے حصہ دوم میں شائع کیا جائے گا۔