برامپٹن(نمائندہ خصوصی)برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ایم ڈی اے اسپیس (MDA Space) میں 68 کروڑ 80 لاکھ کینیڈین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ریڈارسیٹ کنسٹیلیشن مشن (RCM) کیلئے ایک نیا مصنوعی سیارہ تیار، آزمائش اور خلا میں بھیجا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ برامپٹن ساؤتھ میں قائم ایم ڈی اے اسپیس کینیڈا کی نمایاں خلائی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور ملک کی ایرو اسپیس اور دفاعی صنعت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت کمپنی جدید سنتھیٹک اپرچر ریڈار ٹیکنالوجی پر مبنی نیا سیارہ تیار کرے گی، جس سے کینیڈا کو زمین کے مشاہدے سے متعلق اہم معلومات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

سونیا سدھو کے مطابق اس سرمایہ کاری سے 100 تک اعلیٰ معاوضے والی ملازمتیں پیدا ہونے اور برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ اس سے کینیڈا بھر میں سپلائی چین کو بھی فروغ ملے گا اور ملکی سطح پر تیار کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بریمپٹن ساؤتھ بدستور جدت اور کینیڈا کی بڑھتی ہوئی خلائی معیشت کا اہم مرکز ہے۔ 68 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی یہ سرمایہ کاری اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت کینیڈا کی خودمختاری کے تحفظ، آرکٹک خطے کی سلامتی کو مضبوط بنانے اور بریمپٹن کے باصلاحیت انجینئرز، سائنس دانوں اور ہنرمند کارکنوں کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریڈارسیٹ کنسٹیلیشن مشن سے حاصل ہونے والا ڈیٹا حکومتوں، ہنگامی امدادی اداروں، محققین اور مختلف صنعتوں کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس ڈیٹا کی مدد سے سیلاب اور جنگلاتی آگ کی نگرانی، آرکٹک میں سمندری برف کی صورتحال کا جائزہ، بحری سلامتی میں بہتری اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم کام انجام دیے جاتے ہیں۔ نیا سیارہ ان خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شمالی علاقوں کی نگرانی اور تحفظ کی صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گا۔
سونیا سدھو نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ کینیڈا کی دفاعی صنعتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے اور بدلتی ہوئی عالمی سکیورٹی صورتحال میں ملکی دفاعی اور خلائی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گا۔ ان کے مطابق کینیڈین ٹیکنالوجی اور مہارت سے نہ صرف ملک کی خلائی شعبے میں عالمی قیادت مضبوط ہوگی بلکہ بریمپٹن اور اونٹاریو سمیت مختلف علاقوں کو بھی معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ برامپٹن ساؤتھ کے شہری اس بات پر فخر کر سکتے ہیں کہ ان کے شہر میں تیار کی جانیوالی عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کینیڈین شہریوں کی حفاظت، ہنگامی امدادی کارروائیوں اور خلائی شعبے میں کینیڈا کی قیادت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ سرمایہ کاری کینیڈین صلاحیت، جدت اور برامپٹن و اونٹاریو کے مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

