وقت بدلے گا، آئین سے غداری کرنے والوں کو نہیں بھولا جائے گا: علیمہ خان

لاہور(نمائندہ خصوصی)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ خواہش رکھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہ آئیں۔انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ وقت بدلے گا اور ان لوگوں کو نہیں بھلایا جائے گا جنہوں نے آئین کے ساتھ غداری کی۔

انہوں نے کہا کہ اب صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ ہر کسی کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ سپریم کورٹ سے بڑی عدالت کوئی نہیں، مگر اس کے فیصلے کو بھی نہیں مانا گیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی جگہ نہیں لے سکتیں، اگر گوہر خان کی جگہ لینے کی بات کی جاتی تو سمجھ آتی۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس حوالے سے باتیں کر رہے ہیں، وہ خود چیئرمین شپ کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ عوام آخر کب تک یہ ظلم برداشت کرے گی؟