لندن(غیر ملکی میڈیا)ومبلڈن 2026ء میں تقریباً چار برس بعد سنگلز ٹینس میں واپسی کرنیوالی 23 گرینڈ سلم ٹائٹلز کی فاتح سرینا ولیمز اپنی کارکردگی کے ساتھ ساتھ مہنگی جیولری اور منفرد انداز کی وجہ سے بھی خبروں میں رہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سرینا ولیمز نے میچ کے دوران اپنے شوہر الیکسس اوہانیان کی جانب سے دی گئی تقریباً 30 لاکھ امریکی ڈالر مالیت کی منگنی کی انگوٹھی پہن رکھی تھی، جس میں 17 قیراط کا بیضوی سفید ہیرا مرکزی نگینے کے طور پر جڑا ہوا ہے۔
سرینا کے ہلکے گلابی رنگ کے چمکدار مینی کیور نے بھی شائقین کی توجہ حاصل کی، جسے سادہ مگر دلکش انداز قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے سوئس گھڑی ساز کمپنی آڈیمار پیگے کی سفید سونے اور ہیروں سے مزین لگژری گھڑی بھی پہن رکھی تھی، جس نے بھی مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔میچ میں سرینا ولیمز کو آسٹریلیا کی 20 سالہ مایا جوائنٹ نے سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ یہ مقابلہ دو گھنٹے اور 22 منٹ تک جاری رہا۔

