ویسٹ جیٹ اور فلائٹ اٹینڈنٹس یونین کے درمیان عبوری معاہدہ، ہڑتال ختم

کیلگری(سی بی سی نیوز، خبر ایجنسیاں) کینیڈا کی ایئرلائن ویسٹ جیٹ اور فلائٹ اٹینڈنٹس کی نمائندہ تنظیم کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائیز (سی یو پی ای) کے درمیان عبوری معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد فلائٹ اٹینڈنٹس کی ہڑتال ختم ہو گئی۔ ہڑتال کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ ہوئیں اور ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار رہے۔

سی یو پی ای، جو ویسٹ جیٹ کے تقریباً 4 ہزار 400 فلائٹ اٹینڈنٹس کی نمائندگی کرتی ہے، کا مطالبہ تھا کہ عملے کو صرف پرواز کے دوران ہی نہیں بلکہ ڈیوٹی کے آغاز سے اختتام تک تمام اوقات کا معاوضہ دیا جائے۔ہڑتال اتوار کے روز شروع ہوئی تھی، جس کے باعث مصروف ترین موسمِ گرما میں بڑی تعداد میں مسافر مختلف شہروں اور ممالک میں پھنس گئے تھے۔

ویسٹ جیٹ نے عبوری معاہدے کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ کمپنی کے مطابق معاہدہ منظوری کیلئے یونین کے اراکین کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس پر آئندہ 30 روز کے اندر رائے شماری ہوگی۔کینیڈا کی وزیر برائے روزگار و خاندان پیٹی ہائیڈو نے سوشل میڈیا پر معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور کینیڈین عوام اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ دونوں فریق مذاکرات کی میز پر اتفاقِ رائے تک پہنچ گئے۔

کیلگری میں پریس کانفرنس کے دوران سی یو پی ای لوکل 8125 کی صدر عالیہ حسین نے کہا کہ معاہدے کی مکمل تفصیلات فی الحال جاری نہیں کی جائیں گی، تاہم پہلے یونین کے اراکین کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت ویسٹ جیٹ کے طویل عرصے سے رائج فلائٹ کریڈٹ نظام کو وسعت دی گئی ہے تاکہ فلائٹ اٹینڈنٹس کی ڈیوٹی کے مزید حصے کو تسلیم کرتے ہوئے اس کا معاوضہ بھی ادا کیا جا سکے۔ ان کے بقول یہ ایک بامعنی پیش رفت ہے۔

ویسٹ جیٹ نے تصدیق کی ہے کہ پروازوں کا شیڈول بتدریج بحال کیا جا رہا ہے، جبکہ مسافروں کو ایک مرتبہ بغیر اضافی چارج کے اپنی بکنگ تبدیل یا منسوخ کرنے کی سہولت جمعرات تک بڑھا دی گئی ہے۔

ہوابازی کے ماہر جان گریڈیک کے مطابق اگرچہ معاہدہ خوش آئند ہے، تاہم تمام پروازوں کی مکمل بحالی میں چند روز لگ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق صرف گزشتہ ہفتے کے آخر میں تقریباً دو لاکھ 25 ہزار مسافر ویسٹ جیٹ کی پروازوں کی منسوخی سے متاثر ہوئے۔

سفری ماہرین نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال مسلسل چیک کرتے رہیں اور یہ بھی معلوم کریں کہ آیا ان کی سفری یا کریڈٹ کارڈ انشورنس مزدوروں کی ہڑتال یا لاک آؤٹ کی صورت میں اخراجات کا احاطہ کرتی ہے یا نہیں۔

ادھر ہڑتال سے متاثر ہونے والے متعدد مسافروں نے سفری مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا، تاہم کئی مسافروں نے فلائٹ اٹینڈنٹس کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے کام کے تمام اوقات کا مناسب معاوضہ ملنا چاہیے۔