دبئی(سپورٹس ڈیسک)ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستانی ویمن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.1 اوورز میں صرف 55 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد بھارتی ٹیم نے 56 رنز کا ہدف 9ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی شری چرانی اور پریما راوت نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو معمولی اسکور تک محدود رکھا۔ دونوں بولرز نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ منیبہ علی نے 13 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ پاکستان کی کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکی۔پاکستان ویمن کا یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں اب تک کا کم ترین اسکور ہے۔
اس سے قبل پاکستان ویمن ٹیم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کی کپتانوں کے درمیان روایتی ہینڈ شیک بھی نہیں ہوا۔

دونوں ٹیموں نے گروپ مرحلے کے اس اہم میچ کیلئےاپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
بھارتی ٹیم ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے سیمی فائنل کیلئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکی تھی، جبکہ پاکستان کیلئے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کے حوالے سے بھارت کیخلاف یہ میچ انتہائی اہم تھا۔
دوسری جانب بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے آج اپنے 150ویں ٹی20 میچ میں ٹیم کی قیادت کی اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔

