ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا

لارڈز(آئی سی سی، کرک انفو، کرک بز)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم گروپ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔

بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ سمرتی مندھانا نے 38 رنز اسکور کیے۔ شفالی ورما اور جمائما روڈریگز نے 34، 34 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے صوفی مولینیکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے جارحانہ اور پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا اور 6 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کر لی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایلیسے پیری نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ ایشلے گارڈنر 54 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں۔ بھارت کی جانب سے شری چارانی نے دو، جبکہ دیپتی شرما اور رینوکا سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس شکست کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم کا سیمی فائنل کھیلنے کا خواب ختم ہوگیا، جبکہ آسٹریلیا نے مسلسل فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کر لی۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ بہتر رن ریٹ اور زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر گروپ ایک سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگیا۔