برسٹل(آئی سی سی، بین الاقوامی اسپورٹس میڈیا)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا جبکہ جنوبی افریقا نے بھارت کو شکست دے کر ایونٹ میں اہم کامیابیاں حاصل کرلیں۔
برسٹل میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سری لنکا کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے نیلاکشی ڈی سلوا 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں اور سری لنکن بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
99 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے 16.1 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسٹیفنی ٹیلر 27 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ ٹیم نے پانچ وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی۔
دن کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے شیفالی ورما نے 31 اور دیپتی شرما نے 29 رنز اسکور کیے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ماریزان کیپ نے باؤلنگ میں دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ تازمین برٹس نے 40 رنز بنائے۔
159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے پانچ گیندیں قبل ہدف حاصل کر لیا اور چھ وکٹوں سے کامیابی سمیٹتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

