ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

برمنگھم( آئی سی سی)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم جنوبی افریقی بولنگ کے سامنے قومی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور ابتدائی آٹھ وکٹیں صرف 50 رنز پر گر گئیں۔

مشکل صورتحال میں کپتان فاطمہ ثناء نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 55 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ طوبیٰ حسن نے بھی 23 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، جس کی بدولت پاکستان مقررہ اوورز میں 129 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

پاکستان کی دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں، عالیہ ریاض 10، ارم جاوید 11، عائشہ ظفر 9، رامین شمیم 6، نتالیہ پرویز 4، گل فیروزہ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ مبینہ علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئیں۔

129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اینڈی ڈریکسن نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ نڈائن ڈی کلرک نے 37 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم ان کی کوششیں ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔بھارت کے خلاف پاور پلے میں نسبتاً بہتر کھیل پیش کرنے والی پاکستان ویمنز ٹیم اس میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو مؤثر ثابت نہ کر سکی، جس کا نقصان اسے شکست کی صورت میں اٹھانا پڑا۔