ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ دلچسپ بنا دی

برسٹل(آئی سی سی)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈز کو 88 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ مزید دلچسپ بنا دی۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 208 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ اوپنر تزمین برٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 114 رنز بنائے، جبکہ لورا وولفارٹ نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز نے اچھا آغاز کیا، تاہم درمیانی اوورز میں مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز ہی بنا سکی۔ فیبی مولکن بوئر نے 41 اور سانیا کھرانہ نے 36 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایابونگا خاکا نے تین جبکہ کلوئی ٹرایون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کامیابی کے بعد جنوبی افریقہ نے گروپ اے میں چھ پوائنٹس حاصل کر کے بھارت اور آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔