ساؤتھمپٹن ( آئی سی سی، غیرملکی میڈیا)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے شیمائن کیمبل کی شاندار ناقابل شکست اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بروک ہالیڈے نے 40 رنز جبکہ ازابیلا گیز نے 39 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عالیہ ایلین نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر ہدف حاصل کرکے میچ 7 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
ویسٹ انڈیز کی کامیابی میں شیمائن کیمبل نے کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 90 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔اس کامیابی کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے ٹورنامنٹ میں اہم دو پوائنٹس حاصل کر لیے، جبکہ نیوزی لینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

