ساؤتھمپٹن( آئی سی سی، اسپورٹس رپورٹس)ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آئرلینڈ کو 4 رنز سے شکست دے دی۔
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ ایزی شارپ 36، بروک ہالیڈے 34 اور کپتان میلی کیر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ اور کارا مرے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے شاندار مزاحمت کی۔ دوسری وکٹ پر اورلا اور گیبی لوئیس نے 110 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔اورلا نے 59 جبکہ گیبی لوئیس نے 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں، تاہم دونوں بیٹرز کے مختصر وقفے میں آؤٹ ہونے کے بعد آئرش ٹیم کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔
آخری اوور میں آئرلینڈ کو کامیابی کے لیے 15 رنز درکار تھے، لیکن وہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کی کپتان میلی کیر نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 رنز بنانے کے ساتھ دو وکٹیں بھی حاصل کیں، جس پر انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس کامیابی کے ساتھ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی، جبکہ آئرلینڈ کو عمدہ کھیل کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

