ویمن ورلڈکپ: انگلینڈ کی سابق کرکٹرز کاآئی سی سی پر بھارت کو فائدہ پہنچانے کا الزام

لندن( آئی سی سی، بی بی سی، کرک انفو)انگلینڈ کی سابق خواتین کرکٹرز ایلکس ہارٹلی اور کیٹ کراس نے خواتین کے ایک روزہ عالمی کپ کے شیڈول پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت کو غیر معمولی رعایت دی ہے۔

کیٹ کراس کا کہنا تھا کہ بھارت کو پہلے سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اگر وہ سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو پہلا سیمی فائنل ہی کھیلے گا، جبکہ آئی سی سی اس فیصلے کی وجہ نشریاتی تقاضوں اور مختلف ٹائم زونز کو قرار دیتی ہے۔

ایلکس ہارٹلی نے کہا کہ گزشتہ خواتین ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھی بھارت کو سیمی فائنل کے شیڈول کے حوالے سے اسی نوعیت کی سہولت دی گئی تھی۔

کیٹ کراس نے مزید کہا کہ جب بھی بھارت کسی بڑے ٹورنامنٹ میں کھیلتا ہے تو کئی معاملات پہلے سے طے شدہ محسوس ہوتے ہیں، اور یہ افسوسناک ہے کہ کھیل کی عالمی گورننگ باڈی ایک ٹیم کو ترجیح دیتی دکھائی دے رہی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اس تنقید پر تاحال کوئی نیا باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم کونسل اس سے قبل واضح کر چکی ہے کہ ناک آؤٹ مرحلے کے شیڈول کی منصوبہ بندی نشریاتی ضروریات، شائقین کی رسائی اور مختلف ٹائم زونز کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے۔