ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

لندن( آئی سی سی، غیر ملکی میڈیا)ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ ویمن نے جنوبی افریقا ویمن کو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔اوول کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی کپتان نیٹ شاور برنٹ نے 47 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ ہیدر نائٹ نے 58 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے نونکولولیکو ملابا اور شبنم اسماعیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی۔ تزمین برٹس 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے لارین بیل اور چارلی ڈین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کامیابی کے ساتھ میزبان انگلینڈ نے فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے اتوار 5 جولائی کو ہوگا۔