ٹرمپ ایران سے متعلق فوجی ماہرین کی رائے کو ترجیح دیں: مائیک فلن

واشنگٹن(امریکی میڈیا)امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) مائیک فلن نے ایران سے متعلق پالیسی پر مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو فوجی ماہرین کی رائے کو ترجیح دینی چاہیے اور صرف خفیہ اداروں کی معلومات پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

واشنگٹن میں اپنے بیان میں مائیک فلن نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو سی آئی اے کی ہر بات پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ انہیں خارجہ پالیسی کے ایک پیچیدہ جال میں پھنسایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایک سنگین اور پیچیدہ جنگی صورتحال میں داخل ہو چکا ہے، اس لیے ایران کے بارے میں فیصلہ کرتے وقت فوجی ماہرین کی آرا کو اہمیت دی جانی چاہیے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) مائیک فلن نے مزید کہا کہ مذاکرات کاروں کی باتوں پر بھی اندھا اعتماد نہیں کرنا چاہیے، جبکہ امریکا کو مزید جنگ نہیں بلکہ موجودہ بحران سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی عالمی ساکھ برقرار رکھتے ہوئے بحران کا پُرامن حل نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔