لندن(برطانوی میڈیا)صادق خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ صدر ٹرمپ کے ذہن میں ان کیلئےاتنی جگہ کیوں ہے۔اپنے بیان میں صادق خان نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ ان میں اتنی دلچسپی کیوں لیتے ہیں۔
لندن کے میئر نے کہا کہ شاید امریکی صدر کو ان سے خصوصی دلچسپی ہے، یا اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ ایک ترقی پسند، کثیرالثقافتی، آزاد خیال اور کامیاب شہر کے میئر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے لندن نے بہترین شہر کا “لی کوان یو” ایوارڈ بھی جیتا، جو ممکنہ طور پر ٹرمپ کو ناگوار گزرا ہو۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور صادق خان کے درمیان اختلافات 2015 سے جاری ہیں۔ ٹرمپ ماضی میں صادق خان کو “برا آدمی” اور برطانیہ کا “خوفناک نمائندہ” قرار دے چکے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ کوئی تنازع پیدا نہیں کرنا چاہتے، تاہم ان کے بقول لندن کے میئر انتہائی نااہل ہیں۔

