ٹریلئم ہیلتھ پارٹنرز فاؤنڈیشن کی تقریب میں مسلم کمیونٹی کی سخاوت کو خراجِ تحسین

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) کینیڈا میں مسلم کمیونٹی کی جانب سے معاشرے کی بہتری اور ضرورت مند افراد کی مدد کیلئےاجتماعی خدمات اور عطیات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ٹریلئم ہیلتھ پارٹنرز فاؤنڈیشن کی جانب سے تقریب میں مسلم کمیونٹی کی سخاوت، دوسروں کی مدد کے جذبے اور معاشرے میں مثبت کردار کو سراہا گیا۔ تقریب میں عطیہ دہندگان، کمیونٹی رہنماؤں اور ٹریلئم ہیلتھ پارٹنرز فاؤنڈیشن کی انتظامیہ و بورڈ آف ڈائریکٹرزسمیت اے کے مفتی اور لبرل پارٹی اونٹاریوکے چئیرقیصرڈار نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریلئم ہیلتھ پارٹنرز کی صدر و چیف ایگزیکٹو افسر کارلی فارو اور ٹریلئم ہیلتھ پارٹنرز فاؤنڈیشن کی صدر و چیف ایگزیکٹو افسر کیرولین ریزبورو نے ادارے کے فلاحی کاموں اور معاشرے میں عطیات کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔

تقریب میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ کینیڈا میں رہنے والی مختلف کمیونٹیز کی معاشرے میں شمولیت صرف اپنی ضروریات کے حصول تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں اپنے اردگرد کے لوگوں کی خدمت، تعاون اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

تقریب میں اے کیو مفتی کی کمیونٹی کی نمائندگی اور قیادت کو بھی سراہا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ ایسی تقریبات مختلف کمیونٹیز کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے، باہمی روابط بڑھانے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ دوسروں کی مدد اور سخاوت صرف عطیہ دینے تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری اور ایک مضبوط و باہمی تعاون پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔