ٹورنٹو:صوبائی وزیرچوہدری شافع حسین کا قونصلیٹ جنرل پاکستان کا دورہ

ٹورنٹو (اشرف خان لودھی سے)صوبائی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چوہدری شافع حسین نے ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل پاکستان کا دورہ کیاہے، جہاں ہائی کمشنر پاکستان محمد سلیم اور قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ نے ان کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات سے ملاقات کی اور ان سے کینیڈا میں پیش آنے والی مشکلات اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔چوہدری شافع حسین نے پاکستانی کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے اپنی محنت اور صلاحیتوں سے نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور وہ پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں، جبکہ صنعتی ریاستوں اور فری زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اوورسیز پاکستانی بھی ان سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں صنعت اور کاروبار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

دورے کے دوران صوبائی وزیر نے قونصلیٹ کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف خدمات اور سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔چوہدری شافع حسین نے قونصلیٹ میں موجود مختلف سائلین سے بھی گفتگو کی اور ان سے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے قونصلیٹ کی جانب سے پاکستانی شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں، قونصلر خدمات اور دیگر امور کے بارے میں بھی دریافت کیا۔اس موقع پر ہائی کمشنر محمد سلیم اور قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ نے چوہدری شافع حسین کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ روابط اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔