ٹورنٹو (سی بی سی نیوز)ٹورنٹو پولیس نے سالسا آن سینٹ کلیئر اسٹریٹ فیسٹیول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے دو افراد کی شناخت 25 سالہ شاکوان کوواشی اور 20 سالہ سیزر ورنازا کے ناموں سے کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ایک ہدفی حملہ تھا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی شب سینٹ کلیئر ایونیو اور آرلنگٹن ایونیو کے علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے مزید پانچ افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ٹورنٹو پولیس کے سربراہ مائرن ڈیمکیو نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے دو آتشیں اسلحہ برآمد کیے گئے ہیں، تاہم تاحال کسی مشتبہ ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے اور شہر میں گزشتہ ہفتے کے دوران پیش آنے والے دو دیگر فائرنگ کے واقعات سے ممکنہ تعلق کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد اتوار کو ہونے والا سالسا آن سینٹ کلیئر فیسٹیول کا دوسرا روز منسوخ کر دیا گیا، جبکہ پیر کی شام میتھیوز یونائیٹڈ چرچ میں مقتولین کی یاد میں دعائیہ تقریب اور شمعیں روشن کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پادری میگوئل روخاس نے متاثرہ خاندانوں، زخمیوں اور پوری برادری کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ تشدد خاندانوں کو توڑ دیتا ہے، لیکن کمیونٹی مضبوط رہے گی اور نفرت کو غالب نہیں آنے دیا جائے گا۔
ٹورنٹو کی میئر اولیویا چاؤ نے واقعے کو “انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ مذمت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو شہر کی ثقافتی تقریبات متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پولیس نے واقعے کے وقت موجود شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس فائرنگ سے متعلق کوئی ویڈیو، تصاویر یا معلومات موجود ہوں تو وہ تحقیقات میں معاونت کے لیے پولیس کو فراہم کریں۔

