ٹورنٹو میں بائیک لینز ختم کرنے کا عمل شروع، گاڑیوں کی لینز بحال کرنے کا اعلان

ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)اونٹاریو حکومت نے ٹورنٹو کی اہم شاہراہوں پر بائیک لینز ختم یا دوبارہ ترتیب دینے کا عمل شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔صوبائی حکومت کے مطابق بلور اسٹریٹ ویسٹ، یونگ اسٹریٹ، یونیورسٹی ایونیو، کوئینز پارک، کوئینز پارک کریسنٹ اور ایونیو روڈ کے بعض حصوں میں بائیک لینز کے لیے ہٹائی گئی گاڑیوں کی لینز بحال کی جائیں گی۔

بلور اسٹریٹ ویسٹ پر فوری طور پر گاڑیوں کی لینز بحال کرنے کا عمل شروع ہوگا، جس کا آغاز کلسولڈ روڈ کے قریب 600 میٹر کے حصے سے کیا جائے گا۔ حکومت نے بائیک لینز کو برقرار رکھنے یا انہیں دوبارہ ترتیب دینے کے لیے ڈیزائن کے مختلف آپشنز کا جائزہ لینے کی خاطر تجاویز بھی طلب کرلی ہیں۔

یہ اقدام اونٹاریو کورٹ آف اپیل کے اگست میں دیے گئے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں صوبائی حکومت کو ٹورنٹو میں تقریباً 19 کلومیٹر محفوظ بائیک لینز ختم کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

اونٹاریو کے وزیرِ ٹرانسپورٹ پربمیت سرکاریا کا کہنا ہے کہ بائیک لینز ٹریفک جام کی ایک بڑی وجہ ہیں، اس لیے گاڑیوں کی لینز بحال کرنا ضروری ہے۔ تاہم حکومت کی اپنی بعض اندرونی رپورٹس میں اس مؤقف پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق بائیک لینز ختم کرنے سے سڑک استعمال کرنے والوں کے حادثات میں 54 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ ایک سرکاری بریفنگ میں کہا گیا تھا کہ دستیاب تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ بائیک لینز ختم کرنے سے ٹریفک جام میں نمایاں کمی آئے گی۔

ٹورنٹو کی میئر اولیویا چو نے صوبائی حکومت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز، سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں، سب کی سڑکوں پر حفاظت یقینی بنانا ضروری ہے۔

دوسری جانب میئر کے بعض امیدواروں نے بائیک لینز ختم کرنے کی حمایت کی ہے جبکہ اونٹاریو گرین پارٹی کے رہنما مائیک شرائنر نے صوبائی حکومت کے اقدام کو ’’نمائشی سیاست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک کے مسئلے کے حل کیلئےپبلک ٹرانزٹ اور سائیکلنگ کے بنیادی ڈھانچے میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔