ٹک ٹاکر شمسو بی بی کیس: والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار

راولپنڈی(نامہ نگار) ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلا منہ کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے الزام میں والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی طارق محبوب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ عائشہ گلا منہ کے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا ہے، مقتولہ کو اس کے والد اور بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا، جبکہ اس کے کزن بھی واردات میں ملوث ہیں۔

پولیس کے مطابق عائشہ کو 14 اگست کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ ٹیکسلا میں قتل، اقدام قتل اور اعانتِ جرم کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے موبائل فون پر کاشف نامی شخص کی کال آنے کے بعد وہ اپنے بھائی اور بہن کے ہمراہ گھر سے باہر گئی۔ کچھ دیر بعد اہلخانہ کو اطلاع ملی کہ عائشہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں عائشہ کی گردن پر گولی لگی، جبکہ گاڑی بے قابو ہوکر ڈمپر سے ٹکرا گئی اور اس کے بھائی اور بہن بھی زخمی ہوگئے۔