پاکستان، ایران کے درمیان ثقافتی اور ادبی تعاون بڑھانے پر اتفاق

تہران( پاکستانی سفارت خانہ، تہران)ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے فارسی زبان و ادب کی اکیڈمی کے صدر اور ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے سابق اسپیکر ڈاکٹر غلام علی حداد عادل سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، ادبی اور علمی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے علمی تبادلوں کو بڑھانے، ادبی روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

اس موقع پر پاکستان کے سفیر نے ڈاکٹر غلام علی حداد عادل کو پاکستانی نستعلیق خطاطی کا ایک نمونہ بھی پیش کیا، جو پاکستان کی ادبی و فنی روایت اور پاکستان و ایران کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات کی علامت ہے۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی سفارت کاری پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ ادبی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔