پاکستانی سفیر عمران احمد صدیقی کی ترکیہ اور برطانیہ کے سفیروں سے ملاقاتیں

تہران(پاکستانی سفارت خانہ تہران)پاکستان کے ایران میں سفیر عمران احمد صدیقی نے تہران میں ترکیہ کے سفیر حکابی کرلانگچ اور برطانیہ کے سفیر ہیوگو شارٹر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ترکیہ کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

برطانیہ کے سفیر ہیوگو شارٹر کے ساتھ ملاقات میں دونوں سفیروں نے باہمی تعاون اور رابطوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے کی تازہ صورتحال سمیت مشترکہ دلچسپی کے مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان ملاقاتوں سے دوست ممالک کے ساتھ سفارتی تعاون کے فروغ، باہمی روابط کو مضبوط بنانے اور علاقائی ہم آہنگی کے لیے پاکستان کے مسلسل سفارتی کردار کی عکاسی ہوتی ہے۔