پاکستانی نژاد راجہ ریحان نے سینٹرل پولینڈ اوپن میں سلور میڈل جیت لیا

پلیشوو(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی نژاد کراٹے کھلاڑی راجہ ریحان نے 12ویں سینٹرل پولینڈ اوپن 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔

پولینڈ کے شہر پلیشوو میں منعقدہ ایونٹ میں انہوں نے جرمنی کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئرز -60 کلوگرام کومیٹے کیٹیگری میں حصہ لیا، جہاں 81 ٹیموں اور تقریباً 900 کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔راجہ ریحان نے سیمی فائنل میں آذربائیجان کے رحیم مجیدوف کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

فائنل میں ان کا مقابلہ میزبان ملک کے کھلاڑی بارٹوش وویچووسکی سے ہوا، جہاں سخت مقابلے کے باوجود انہیں 5-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سلور میڈل کے حق دار ٹھہرے۔یہ کامیابی پاکستانی نژاد کمیونٹی کیلئے باعثِ فخر ہے کیونکہ راجہ ریحان نے عالمی سطح پر صلاحیتوں کا لوہا منوا کر اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کیا۔