پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

ریاض (او سی/سعودی عرب) پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔

ریاض میں پاکستان کے وفاقی وزیرِ توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری اور سعودی حکام نے پاکستان۔سعودی عرب انرجی گروپ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں جاری تعاون اور مختلف مشترکہ منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توانائی، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے شعبوں میں روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے شرکا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب قریبی رابطوں، مؤثر ہم آہنگی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم، نتیجہ خیز اور دیرپا بنیادوں پر فروغ دیں گے۔

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔