پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی کاوشوں سے خواتین کیلئے باکسنگ رنگ کی تنصیب مکمل

کامن ویلتھ سپورٹس گیم چینجرز پراجیکٹ کے تحت لاہور کالج یونیورسٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ باکسنگ رنگ نصب کیا گیا، پی او اے کے صدر عارف سعید نے وائس چانسلر عظمی قریشی کے ہمراہ افتتاح کیا

پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ایک انقلابی اقدام کے تحت خواتین کیلئے مختص باکسنگ رنگ کا افتتاح ہوگیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی کاوشوں سے کامن ویلتھ سپورٹس گیم چینجرز پراجیکٹ کے تحت لاہور کالج یونیورسٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ باکسنگ رنگ کا افتتاح پی او اے کے صدر عارف سعید نے کیا اس موقع پر سیکرٹری جنرل خالد محمود، یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر عظمی قریشی اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ ناصر تنگ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پی او اے کے صدر عارف سعید نے منصوبے کو ملک میں خواتین کھیلوں کی ترقی کیلئے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوۓ کہ اس منصوبے سے خواتین باکسرز کو عالمی معیار کے مقابلوں کی تیاری میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا خواتین کو بااختیار بنانے میں کھیلوں کا شعبہ نہایت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لاہور کالج یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر عظمی قریشی نے باکسنگ رنگ کی تنصیب پر کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ یہ منصوبہ کھیلوں میں صنفی برابری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ خواتین کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر خواتین باکسرز کے مابین نمائشی فائٹس کا بھی انعقاد کیا گیا۔