پشاور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ 5 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پشاور میں پی ٹی آئی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت 27 ستمبر کا لانگ مارچ اب 5 اکتوبر کو کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے کا باضابطہ اعلان محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ 27 ستمبر کو ہر صورت ہوگا اور اسے 10 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ لانگ مارچ پُرامن ہوگا اور کارکنوں کو کسی قسم کا ہتھیار ساتھ نہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

