کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کا ناقابلِ شکست سفر جاری ہے، جہاں اس نے ایونٹ کی فیورٹ ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز اسکور کیے۔
محمد حارث نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 38 رنز بنائے، تاہم وہ جلد آؤٹ ہوگئے۔ کوشل مینڈس نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 40 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کر مسلسل تیسری نصف سنچری اسکور کی۔فرحان یوسف 30، بابر اعظم 18، مائیکل بریسویل 14 اور افتخار احمد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے بھی برق رفتار آغاز کیا، تاہم صاحبزادہ فرحان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ 31، جوش فلپ 32 اور شان مسعود 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے مگر ٹیم کو فتح تک نہ پہنچا سکے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ناہید رانا نے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ افتخار احمد نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔ٹاس کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس پچ پر 180 سے 190 رنز اچھا اسکور ہوگا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہے اور 5 میچز میں 4 میں کامیابی حاصل کر چکی ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے۔ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔

