پاکستان سپر لیگ جو اپنے قیام کے گیارہویں برس میں داخل ہوچکی ہے اس وقت کرکٹ کی دنیا کا ایک معروف برانڈ بن چکا ہے۔ دنیا بھر سے معروف کرکٹر اب پی ایس ایل سے جڑنے کی خواہش رکھتے ہیں جس کی بہترین مثال گلین میکسویل، جیسن روۓ، معین علی، مارنس لیبوشین جیسے نامور کھلاڑیوں کی شمولیت ہے۔ ابتدائی چند برسوں کی مشکلات کے بعد پاکستان سپر لیگ نے جس تیزی سے کامیابیوں کا سفر طے کیا وہ ناقابل یقین ہے آج پی ایس ایل کے انتظامی اور کھیل کے کے اعتبار سے معیار کا مقابلہ انگلینڈ کی ہنڈرڈ، آسٹریلیا کی بگ بیش اور بھارت کی آئی پی ایل سے کیا جاتا ہے جو اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان گیارہ سالوں میں پی ایس ایل کو بہت سے چیلنجز کا بھی سامنا رہا جن میں کوویڈ 19 اور حالیہ مشرق وسطی کی صورتحال اہم ترین ہے۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن کے آغاز سے قبل مشرق وسطی میں جنگ کے آغاز پر ایونٹ کے انعقاد پر سیاہ بادل منڈلانے لگے تھے اور ایسا لگتا تھا کہ اس بار ایونٹ اپنے مقررہ وقت پر شروع نہیں ہوسکے گا لیکن پھر ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مرد بحران چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے جو بطور وزیر داخلہ ملک کے اندرونی محاذ پر چیلنجز کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں وہ فیصلہ کیا جو ان کی شخصیت کا خاصا ہے۔ کرکٹ سے محبت کرنے والے کروڑوں شائقین کی امیدوں پر پورا اترتے ہوۓ محسن نقوی نے پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کو مقررہ وقت پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا جسے وقت نے درست ثابت کیا۔
ابتدائی راؤنڈ کے میچز تماشائیوں کے بغیر کرانے کے بعد پلے آف مرحلے کیلئے کراؤڈ کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت بھی چئیرمین پی سی بی کا ماسٹر سٹروک ثابت ہوا اور تماشائیوں کی بڑی تعداد نے سٹیڈیم آکر اس فیصلے کو خوب پذیرائی بخشی۔ آج پی ایس ایل کا فائنل پشاور زلمی اور حیدرآباد کے مابین کھیلا جا رہا ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پی ایس ایل گیارہ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے میں ہمیشہ کی طرح آرمی، پولیس سمیت تمام سکیورٹی اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا ان کے ساتھ صوبائی حکومت کے اداروں سمیت لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بھی بہترین انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔
پشاور زلمی کے لاہوری کپتان بابر اعظم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹرافی اٹھانے کے خواہشمند ہیں تو حیدرآباد کے کپتان مارنس لیبوشین اپنی ٹیم کو پہلی ہی کوشش میں چیمپئن بنوا کر تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں۔ فتح کسی کی بھی ہو مشکل حالات میں پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے بلند حوصلے اور دلیرانہ فیصلوں کیلۓ ہمیشہ یاد رکھا جاۓ گا۔

