بنگلادیش کو 2-5 سے شکست، پاکستان سیمی فائنل میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 5 جون کو کھیلے گا
ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جاپان میں جاری انڈر 18 ایشیا کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ پانچ جون کو بھارت سے ہوگا۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول کھیل کے تیسرے منٹ میں عبداللہ نے کیا جنہوں نے دو، عدیل ،آسام اور یحییٰ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیرک اسلام اور منا اسلام نے گول سکور کیا۔ پلیئر آف دی میچ پاکستان کے محمد یحییٰ قرار پائے۔

میچ کے دوران پاکستان کے فارورڈز نے گول کرنے کے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا، جبکہ مڈ فیلڈ اور ڈیفنس لائن نے بھی بیشتر وقت کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اس شاندار فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے چیمپئن شپ کی ٹرافی جیتنے کے لیے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر اپنے عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف صدر محی الدین احمد وانی نے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹیم کے ڈسپلن، عزم اور کھیل کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ سٹاف کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جو عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے جونیئر ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی ایک سنگ میل ہے جس سے ملک میں جونیئر ہاکی کے فروغ کو مزید حوصلہ ملے گا۔ قومی ٹیم اب سیمی فائنل کے معرکے کیلئے تیاری کریگی جہاں اس کا ہدف اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل اور چیمپئن شپ کے ٹائٹل کی طرف قدم بڑھانا ہے۔

