پنجاب نے دوسری اور آرمی نے تیسری پوزیشن حاصل کی،واپڈا، نیشنل بنک اور پی آئی اے کے دور کا خاتمہ تینوں اداروں نے اپنی ٹیمیں ہی ختم کردیں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فوج ظفر موج کی کچھ کئے بغیر بھاری تنخواہوں پر موج مستیاں جاری، واپڈا سمیت دیگر اداروں کے سپورٹس بورڈ قومی کھیل کو تحفظ دینے میں ناکام
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام یوتھ انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ پاکستان کسٹم نے جیت لی۔دوسری پوزیشن پنجاب 2 جبکہ تیسری پوزیشن پاک آرمی نے حاصل کی۔ فائنل میچ پاکستان کسٹم اور پنجاب 2 کے مابین نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا گیا۔ پاک کسٹم نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ پاک کسٹم کی جانب سے عصام، عدیل اور عبداللہ نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ پنجاب 2 کی جانب سے واحد گول محمد زین نے سکور کیا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تھے۔ انکے ہمراہ رکن قومی اسمبلی انجم عقیل،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی , سیکرٹری جنرل شکیل شاہ ، خزانچی کیپٹن ر فرخ عتیق خان، ڈپٹی ڈی جی پی ایس بی شاہد الاسلام ، پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اولمپین اصلاح الدین صدیقی ،اولمپین حسن سردار،چیئرمین سیلیکشن کمیٹی فلائنگ ہارس اولمپین سمیع اللہ خان، پی ایچ ایف سیلیکش کمیٹی ممبران اولمپین ڈاکٹر عاطف بشیر، اولمپین ناصر علی، اولمپین نعیم اختر، اولمپین کاشف جواد، ہیڈ کوچ جونیئر ٹیم اولمپین ایاز محمود ،انڈر 18 کے ہیڈ کوچ قمر ابراہیم ، اولمپین سمیر حسین، اولمپین اولمپین ریحان بٹ ، اولمپین شکیل عباسی، اولمپین عمران بٹ، انٹرنیشنل یاسر اسلام ،انٹرنیشنل اظفر یعقوب، اولمپین شہناز شیخ،ایف آئی ایچ کی ایمپائر کمیٹی ممبر فیض محمد فیض ، چیف کوآرڈینیٹر عبدالناصر اخونزادہ ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر خواجہ محمد جنید ، اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر شفیق بھٹی، محمود احمد ، ایمپائر منیجر سہیل اکرم جنجوعہ ،کو آرڈینیٹر خاور جاوید، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد وقاص شیخ کے علاوہ آفیشلز اور شائقین ہاکی کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ایونٹ 9 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہا۔ جس میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل تھیں۔ کسٹم کی کامیابی کے ساتھ ہی ہاکی میں واپڈا، نیشنل بنک اور پی آئی اے کی اجارہ داری کا خاتمہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے، تینوں اداروں نے جونئیر چیمپئن شپ میں اپنی ٹیمیں ہی نہیں بھیجیں۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فوج ظفر موج جن کی ابھی تک اداروں سے کچھ کئے بغیر بھاری تنخواہوں پر موج مستیاں جاری ہیں اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود ڈیوٹی پر جانے سے بھی گریزاں ہیں جبکہ دوسری جانب واپڈا سمیت دیگر اداروں کے سپورٹس بورڈ قومی کھیل کو تحفظ دینے میں بھی ناکام نظر آتے ہیں تاہم امید ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے نامزد کردہ پی ایچ ایف ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ محی الدین وانی صورتحال کے تدارک کیلئے جلد سخت فیصلے کریں گے۔

