پاکستان کے ناروے میں نئے سفیرعاصم علی خان نےبادشاہ کو سفارتی اسناد پیش کردیں

اوسلو (وزارتِ خارجہ پاکستان)پاکستان کے ناروے میں سفیر عاصم علی خان نے اوسلو کے شاہی محل میں ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں اور باضابطہ طور پر سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

عاصم علی خان نے اس موقع پر کہا کہ ناروے کے بادشاہ کو سفارتی اسناد پیش کرنا ان کیلئےبڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے ان پر کیے گئے اعتماد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور ناروے کے درمیان رابطے کا پل بننے کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان باہمی احترام، خیرسگالی اور دوستی پر مبنی خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ وہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔

پاکستانی سفیر نے پاکستان اور ناروے کی دوستی زندہ باد کا پیغام بھی دیا۔یہ بیان وزارتِ خارجہ پاکستان کے شعبۂ عوامی سفارت کاری، ترجمان کے دفتر اور ناروے میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیا گیا۔