پشاور زلمی کی اونچی اڑان، اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئے

بابر اعظم کا بلا آگ اگلنے لگا کیرئیر کی تیرہویں ٹی20 سنچری جڑ دی، یونائیٹڈ کو 70 رنز کے بڑے مارجن سے شکست

پاکستان سپرلیگ ( پی ایس ایل) سیزن 11کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو با آسانی 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ بابر اعظم 59 گیندوں پر 103 رنز بناکر نمایاں رہے۔یہ بابر اعظم کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی13 ویں، پی ایس ایل کی چوتھی سنچری تھی۔

اس کے علاوہ محمد حارث نے 35، کوشال مینڈس نے 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایرون ہارڈی نے 20 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3، رچرڈ گلیسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پشاور زلمی کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سمیر منہاس 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔ زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 3 ،سفیان مقیم اور محمد باسط نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ یوں پشاور زلمی پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پہنچ گئی۔

پشاور زلمی نے پانچویں مرتبہ پی ایس ایل فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، یوں زلمی سب سے زیادہ مرتبہ پی ایس ایل فائنل کھیلنے والی ٹیم بن گئی۔واضح رہے کہ ہارنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ابھی ایونٹ سے باہر نہیں ہو ئی اس کے پاس ابھی ایک اور چانس ہے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جمعہ کو حیدرآباد کنگزمین یا ملتان سلطانز میں سے کسی ایک کے خلاف ایلیمنیٹر 2 کھیلے گی۔