پشاور نجی یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاج پر ہوائی فائرنگ، 3 سیکیورٹی گارڈز گرفتار

پشاور (نمائندہ خصوصی) پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں قائم نجی یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاج کے دوران 3 سیکیورٹی گارڈز نے ہوائی فائرنگ کردی، پولیس نے تینوں گارڈز کو حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا۔طلبہ نے ہاسٹل میں بجلی، ناقص کھانے اور انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ طلبہ کے مطابق مسائل کے حوالے سے فیض اللہ نامی طالب علم نے وارڈن کو شکایت کی، جس پر وارڈن نے اسے گالیاں دیں اور جامعہ سے نکالنے کا نوٹس دے دیا۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے رجسٹرار اور وائس چانسلر کے سامنے بھی اپنے مطالبات رکھے، تاہم مذاکرات کے دوران مسائل سننے کے بجائے انہیں گالیاں دی گئیں۔طلبہ کے مطابق احتجاج کے دوران رجسٹرار کے کہنے پر سیکیورٹی گارڈز نے ان پر فائرنگ کی۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق یونیورسٹی کے 3 سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ان کے زیر استعمال اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے، جبکہ طلبہ کے مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق 2 دن بعد طلبہ اپنے مطالبات تحریری طور پر جامعہ انتظامیہ کو پیش کریں گے، جس کے بعد انتظامیہ مطالبات کا جائزہ لے کر انہیں یونیورسٹی مالکان کو ارسال کرے گی۔