لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کا برطانیہ کی معروف ٹی ٹوئنٹی لیگ دی ہنڈرڈ میں معاہدہ ہو گیا ہے، جس کے ساتھ ہی وہ اس لیگ میں کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فاطمہ ثناء کو برمنگھم فینکس نے اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ انہیں آسٹریلیا کی کھلاڑی لوسی ہیملٹن کی جگہ وائلڈ کارڈ کے تحت ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دی ہنڈرڈ لیگ 21 جولائی سے 16 اگست تک کھیلی جائے گی، جبکہ فاطمہ ثناء کو معاہدے کے تحت کم از کم 15 ہزار پاؤنڈ معاوضہ ملے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم کے سری لنکا کے دورے کے باعث فاطمہ ثناء کی لیگ میں دستیابی محدود میچز تک رہنے کا امکان ہے، کیونکہ قومی ٹیم 23 جولائی سے 4 اگست تک وائٹ بال سیریز کے لیے سری لنکا کا دورہ کرے گی۔
فاطمہ ثناء کی دی ہنڈرڈ لیگ میں شمولیت کو پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی خواتین کرکٹرز کی نمائندگی کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

