پیرس: پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ کی آرک ڈی ٹرائمف پر مشعلِ یاد کی تقریب میں شرکت

پیرس(علی اشفاق سے)پیرس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے آرک ڈی ٹرائمف کے نیچے واقع نامعلوم سپاہی کی قبر پر منعقدہ سالانہ ’’ری وایواژ دے لا فلام‘‘ (مشعل دوبارہ روشن کرنے) کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

آرک ڈی ٹرائمف پہنچنے پر رائل برٹش لیجن، پیرس برانچ کے نمائندوں نے پاکستانی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ممتاز زہرا بلوچ نے نامعلوم سپاہی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دونوں عالمی جنگوں کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے برطانوی اور دولتِ مشترکہ کے فوجی مرد و خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے دوران فرانسیسی فوج کی جانب سے فوجی اعزازات پیش کیے گئے، جبکہ گارڈ آف آنر اور فوجی بینڈ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

تقریب میں فرانسیسی فوجی و سول حکام، رائل برٹش لیجن کے نمائندے، مختلف ممالک کے سفارت کار، برطانیہ اور دولتِ مشترکہ سے تعلق رکھنے والے حاضر سروس اور سابق فوجی اہلکار بھی شریک ہوئے۔

پاکستانی سفیر نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے امن اور انسانیت کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

رائل برٹش لیجن، پیرس برانچ کی جانب سے 1923ء سے ہر سال 4 اگست کو آرک ڈی ٹرائمف پر مشعل دوبارہ روشن کرنے کی یہ روایتی تقریب منعقد کی جاتی ہے، جس کا مقصد دونوں عالمی جنگوں کے دوران جانیں قربان کرنے والے برطانوی اور دولتِ مشترکہ کے فوجی اہلکاروں کی یاد کو تازہ کرنا ہے۔