پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کا 7 اگست کو ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر کے 510 مقامات پر پُرامن دھرنوں اور سڑکیں بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر مزید ظلم برداشت نہیں، حکومت پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کرے۔

لاہور میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام وحدت روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف منعقدہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جمعہ کو شام 4 بجے ملک بھر میں لاکھوں افراد احتجاج کیلئےسڑکوں پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسوں کو راستہ دیا جائے گا، جبکہ اگر حکومت نے رکاوٹیں کھڑی کیں تو پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری تحریک کو حکومت گرانے کی تحریک میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے، بصورت دیگر پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی دراصل عوام پر اضافی بوجھ ہے اور ایک لیٹر پیٹرول پر 125 روپے تک ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جس سے ہر طبقہ شدید متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگی کشیدگی کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کی گئیں، مگر جب خام تیل کی قیمت کم ہو کر 74 ڈالر فی بیرل تک آ گئی تو بھی عوام کو اس کا ریلیف نہیں دیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کے مسائل سے بے خبر ہیں، جبکہ مہنگائی کے باعث خواتین کو گھریلو اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کئی خاندان زیورات فروخت کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل تو کرتے ہیں، مگر اپنے اخراجات کم کرنے کے مطالبات کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔