پیپلز پارٹی کی شکایات کشمیر الیکشن، ججز تعیناتی اور دیگر ایشوز سے متعلق ہیں: نوید قمر

اسلام آباد (نامہ نگار): پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی شکایات کشمیر الیکشن، ججز کی تعیناتی اور دیگر ایشوز سے متعلق ہیں، تاہم حکومت کی جانب سے شکایات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ ہم حکومت کے مکمل اتحادی نہیں بلکہ انہیں سپورٹ کرتے ہیں، اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہم سپورٹ کرتے رہیں تو ہماری شکایات کا ازالہ کریں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ جب تک پیش رفت نہیں ہوتی، حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، ایک ہاتھ سے نہیں۔ ایک جماعت کو تحفظات ہوں اور جب تک وہ دور نہ ہوں تو مسئلہ برقرار رہتا ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ گزشتہ روز داخلہ کمیٹی میں ایک بل بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، اسلام آباد بلدیاتی بل کی ویسے بھی حمایت نہیں کرنی چاہیے، ہم نے اسلام آباد بلدیاتی بل پر اختلافی نوٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ مسائل حل کرے اور اقدامات کرے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ملک میں موجود نہیں ہیں، معلوم نہیں وہ کہاں متحرک ہیں۔