پیپلز پارٹی کے ساتھ کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے لیے مالی وسائل کی فراہمی سب سے بڑا چیلنج ہے، تاہم امید ہے کہ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری مشاورت کسی مثبت نتیجے پر پہنچ جائے گی۔

پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے ایک مخصوص مالی ہدف زیر غور ہے اور جب تک اس کے مطابق وسائل دستیاب نہیں ہو جاتے، بجٹ کو حتمی شکل دینا مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیپلز پارٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور توقع ہے کہ دونوں جماعتیں مشاورت کے ذریعے قابل قبول حل تک پہنچ جائیں گی۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق بجٹ کے معاملے پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مجوزہ مذاکرات آج کے بجائے کل ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی مذاکراتی ٹیم کا ایک اہم اجلاس آج رات متوقع ہے، جس میں حکمت عملی طے کیے جانے کے بعد حکومتی ٹیم سے ملاقات کا وقت مقرر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت صوبوں سے ایک ہزار سات سو ارب روپے کے فنڈز کی دستیابی کی خواہاں ہے اور ان وسائل کی فراہمی کے بعد ہی آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دی جا سکے گی۔