کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو 76 رنز سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لاہور کی جانب سے فخر زمان اور عبداللّٰہ شفیق نے 21،21 رنز بنائے جبکہ دنیتھ ویلالاگے نے 20 اور سکندر رضا نے 14 رنز اسکور کیے۔پشاور زلمی کے سفیان مقیم اور بریس ویل نے 3،3 جبکہ ناہید رانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، عامر جمال اور شریف الاسلام نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ کوشل مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 74 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
کپتان بابر اعظم نے 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ آخر میں بریس ویل نے 21 رنز بنا کر مجموعہ 173 تک پہنچایا۔لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3 اور مستفیض الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر کوشل مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

