پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ کی ملتان سلطانز کو شکست، کوالیفائر میں جگہ بنا لی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 40ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر کوالیفائر کیلئے کوالیفائی کر لیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 193 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری سے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، اب وہ 28 اپریل کو کوالیفائر میں پشاور زلمی کا سامنا کریگی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے مارک چیپمین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 69 رنز بنائے، جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔میچ کے دوران ملتان سلطانز کی جانب سے ڈراپ کیچز، خراب فیلڈنگ اور اضافی رنز دینا مہنگا ثابت ہوا، جبکہ آخری اوورز میں ناقص بولنگ نے بھی میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے، آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کے باعث ٹیم ایک مضبوط اسکور کھڑا کرنے میں کامیاب رہی۔ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 44 رنز بنائے، جبکہ صاحبزادہ فرحان اور اسٹیو اسمتھ نے 30، 30 رنز اسکور کیے، عرفات منہاس 31 اور وسیم جونیئر 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے تمام چھ بولرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جن میں فہیم اشرف، عماد وسیم، شاداب خان، کرس گرین، سلمان ارشاد اور سلمان مرزا شامل تھے۔