لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ 11 کے 30ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔
قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ چریتھ اسالانکا نے 31، ڈینئل سیمس نے 18 اور عبداللہ شفیق نے 14 رنز بنا کر مجموعی اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خلیل احمد نے 2 جبکہ ابرار احمد، عثمان طارق اور بریٹ ہیمٹن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بناسکی۔ شامل حسین نے 53 اور رائیلی روسو نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ ابرار احمد نے اختتامی اوورز میں 24 رنز بنا کر مقابلہ سنسنی خیز بنایا تاہم ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سکندر رضا، عبید شاہ اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ اچھی بولنگ کریں اور وکٹیں حاصل کریں، جبکہ ٹیم میں ایک تبدیلی بھی کی گئی ہے۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ نیا دن اور نیا موقع ہے، ٹیم بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

