پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو ہرا دیا

کراچی (اسپورٹس ڈیسک)ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ 11 کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز کو 11 رنز سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کو جیت کے لیے آخری اوور میں 18 رنز درکار تھے، تاہم ٹیم 208 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور 196 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے آخری لمحات میں حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر 23 رنز بنائے، مگر وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے اور آخری اوور میں رن آؤٹ ہوگئے۔اس سے قبل عباس آفریدی نے 16 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں، جبکہ ریزا ہینڈرکس 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عرفات منہاس نے 3 اور پیٹر سڈل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، اننگز کے آخری اوورز میں محمد عمران نے صرف 6 گیندوں پر 28 رنز بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

ملتان کی جانب سے شان مسعود نے 46، جوش فلپے نے 44 اور اویس ظفر نے 36 رنز اسکور کیے۔کراچی کنگز کے خوشدل شاہ نے 3 جبکہ معین علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔